واشنگٹن(عکس آن لائن)امریکا نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی حراست میں موجود تمام امریکی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کرے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بدھ کو ایک بیان میں پومپیو نے باور کرایا کہ “امریکا اپنے کسی بھی شہری کی وفات کا براہ راست ذمے دار ایرانی حکومت کو ٹھہرائے گا ۔
ہمارا جواب بھرپور ہو گا”۔امریکی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی جیلوں میں کرونا وائرس کے پھیلا ؤسے متعلق رپورٹیں تشویش کا باعث ہیں۔، اس سلسلے میں کم از کم مطلوبہ امر یہ ہے کہ(ایران میں)تمام امریکی شہریوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔پومپیو نے اس جانب توجہ دلائی کہ ایرانی حکومت نے حالیہ عرصے میں کرونا وائرس کے سبب 70 ہزار قیدیوں کو رہا کیا ہے تاہم متعدد امریکی شہریوں کو بنا کسی سبب یا جواز ظالمانہ طور پر جیلوں میں باقی رکھا۔
امریکی وزارت خارجہ نے زور دیا ہے کہ وہ بیرون ملک ظالمانہ طور پر حراست میں موجود تمام امریکی شہریوں کی واپسی سے قبل اطمینان سے نہیں بیٹھے گی۔یاد رہے کہ ایران میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے جاوید رحمن یہ اعلان کر چکے ہیں کہ انہوں نے ایران سے مطالبہ کیا تھا کہ تمام قیدیوں کو عارضی طور پر رہا کر دیا جائے۔ نمائندے کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے بیچ سیاسی قیدیوں کی موجودگی “تشویش ناک” امر ہے۔