حبیب الرحمان

ایران کیساتھ تجارت کا فروغ وقت کی ضرورت ہے’حبیب الرحمان

لاہور( عکس آن لائن )ایران پاک فیڈریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ چین کی طرح پاکستان کو بھی ایران کیساتھ تجارت بڑھانے کے لئے ازسرنو معاہدہ کرنا ہوگا اوریہ وقت کی ضرورت ہے،چین اور تہران کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی تعلقات سے سی پیک کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے اور اس کی سکیورٹی کو درپیش خطرات بھی کم ہو گئے ہیں،ہمیں خطے کی بدلتی صورت حال کا فائدہ اٹھانا چاہیے ،ہماری معیشت غیر فعال اداروں کے سبب کمزور ہورہی ہے ہمیں اپنی گورننس کو بہتر بنانے پر بھی توجہ دینا ہو گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس کے عہدے داروں سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے فروغ سے خطے میں خوشحالی کے نئے دروازے کھلیں گے، پاک ایران گیس پائپ لائن منصو بے کو فوری مکمل کر نا ہو گا جس سے ہمار ے ملک میں سستی گیس آ ئے گی اور کارخانے بھی چلیں گے، تجارت کے فروغ کیلئے مسافر ٹرین سروس کی بحالی بھی ضروری ہے۔خواجہ حبیب الرحمان نے کہا کہ بڑھتا ہو ا تجارتی خسارہاور بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں جیسے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ازسر نو معاشی حکمت عملی ترتیب دینا ہو گی، نئے قرضوں کیلئے ہماری بارگیننگ پوزیشن آ نے والے دنوں میں مزید خراب ہو نے کی صورت میںمسائل بڑھ سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک نئی منڈیوں کی تلاش کیلئے سفارتحانوں میں کمرشل اتاشیوں کو متحرک کر نا ہو گا جبکہ ملکی زراعت کے تحفظ کیلئے فوری طور پر نئے ڈیم بنانا ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں