بنجول(عکس آن لائن)ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے سعودی ہم منصب سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے گیمبیا میں منعقدہ اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔
عرب ٹی وی کے مطابق دونوں وزرا نے ملاقات کے دوران غزہ کی صورتحال اور خطے میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ دونوں وزرا نے دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں انہیں مضبوط اور ترقی دینے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی میدانوں میں ہونے والی پیش رفت پر بات چیت کی۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ میں ہونے والی پیش رفت تفصیلی بات چیت کی۔سربراہی اجلاس سے پہلے گفتگو کے دوران سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے غزہ کی پٹی میں فوری اور مستقل جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے فلسطینی عوام کے مصائب کے خاتمے کے لیے محفوظ انسانی اور امدادی راہداریوں کی فراہمی پر زور دیا۔درایں اثنا ایرانی وزیر خارجہ حسین عبداللہیان نے اپنے مصری ہم منصب سامح شکری سے گیمبیا میں ملاقات کی۔ دونوں وزرا نے فلسطینی علاقے رفح میں اسرائیلی فوجی آپریشن کو دونوں ممالک کی طرف سے مکمل طور پر مسترد کردیا۔