تہران (عکس آن لائن)ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نیحکومت مخالف مظاہرین سے نرمی نہ برتنے کا اعلان کیا ہے۔ ایران میں حجاب قانون کی خلاف ورزی پر گرفتار 22 سالہ مہاسا امینی کی مبینہ تشدد سے ہلاکت کے خلاف مظاہرے 3 ماہ سے زائد عرصے سے جاری ہیں۔رپورٹس کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ ایران وطن دشمن مخالفین کے ساتھ کوئی رحم نہیں برتے گا۔تہران میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم کا دل سب کے لیے کھلا ہے لیکن دشمن پر بالکل رحم نہیں کیا جائے گا، دشمن افواہیں پھیلا کر معاشرے کو تقسیم کر کے اسلامی معاشرتی اقدار سے ہٹانا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کی چالیں کامیاب نہیں ہوں گی اور دشمن اپنے مقاصد کبھی حاصل نہیں کر سکے گا۔واضح رہے کہ ایران میں حجاب قانون کی خلاف ورزی پر گرفتار 22 سالہ مہسا امینی مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے 16 ستمبر کو انتقال کر گئی تھی۔غیر ملکی انسانی حقوق تنظیموں کے مطابق ایران میں جاری مظاہروں میں اب تک ساڑھے چار سو سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں، ایران میں ملک و قوم کو نقصان پہنچانے پر 2 مظاہرین کو پھانسی دی جا چکی ہے جبکہ دیگر 9مظاہرین کو موت کی سزا سنا دی گئی ہے۔