تل ابیب (عکس آن لائن)اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایک سال کے اندر لیزر سے کام کرنے والا دفاعی نظام تعینات کرے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کے ایک بیان میں بتائی گئی۔ بینیٹ نے واضح کیا کہ ان کا ملک لیزر ٹکنالوجی سے کام کرنے والے مانع میزائلوں کی تنصیب میں تیزی دکھائے گا۔ اس کا مقصد راکٹوں کو گرانے کے حالیہ بھاری اخراجات کو کم کرنا ہے۔
بینیٹ نے باور کرایا کہ لیزر وال سے اسرائیل کا احاطہ کرنے سے ریاست کو راکٹوں ، میزائلوں ، ڈرون طیاروں اور دیگر خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے گا۔اخباری بیان میں اسرائیلی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تہران کو کمزور کرنے کی مہم کئی محاذوں پر جاری ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ جوہری معاہدے کے بحال ہونے یا نہ ہونے کا تل ابیب کی ایران کے خلاف حکمت عملی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔بینیٹ نے زور دے کر کہا کہایران پر پابندیوں میں نرمی سے اس کی خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے والی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہو گا۔