ایرانی آئل ٹینکر

ایرانی آئل ٹینکر نے سعودی مدد کی پیشکش مسترد کر دی

جدہ (عکس آن لائن ) سعودی عرب نے کہا ہے کہ تیل کے اخراج کے بعد ایرانی آئل ٹینکر نے مدد کی پیشکش مسترد کردی ، سعودی میڈیا کے مطابق جنرل ڈائریکٹوریٹ آف بارڈر گارڈز کے سرکاری ترجمان نے کہا کہ گزشتہ جمعے جدہ ریڈیو سے ایک ای میل موصول ہوئی تھی۔

جس کا متن ایرانی جہاز کے کپتان کی جانب سے موصول ہونے والے خط پر مشتمل تھا ۔ ای میل میں بتایا گیا تھا کہ ایرانی آئل ٹینکر کا اگلا حصہ ٹوٹ گیا ہے جس کے نتیجے میں کارگو اور جہاز کے ٹینک سے تیل سمندر میں پھیل گیا ہے۔ بیان کے مطابق کو آرڈینیش سینٹر کے ذریعے معلومات کا تجزیہ کرنے کے بعد جب یہ جاننے کی کوشش کی کہ آئل ٹینکر کو کسی مدد کی ضرورت تو نہیں ہے تب کوئی جواب دیے بغیر جہاز کا خودکار ٹریکنگ سسٹم کو بند کردیا گیا۔

ایرانی جہاز جدہ اسلامی بندرگاہ کے جنوب مغرب میں 67 ناٹیکل میل کے فاصلے پر سفر کر رہا تھا۔ بیان میں سعودی عرب کی جانب سے بین الاقوامی جہاز رانی کے تحفظ اور سلامتی کے ساتھ عالمی معاہدوں اور اقدار کی پاسداری کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ ایران کے سرکاری ٹی وی نے دعوی کیا تھا کہ ایرانی آئل ٹینکر کو میزائلوں سےنشانہ بنایا گیا ہے۔ایران کی وزارت خارجہ نے بعد ازاں کہا تھاکہ ایرانی آئل ٹینکر پربحیرہ احمر میں حملہ کیا گیا،جس میں ٹینکر کو نقصان پہنچا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں