محمودخان

ایبٹ آباد کے تمام تر مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات اُٹھائے جائیں گے،محمودخان

پشاور(عکس آن لائن) وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے یقین دلایا ہے کہ ضلع ایبٹ آباد کے تمام تر مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات اُٹھائے جائیں گے جبکہ ایبٹ آباد میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل ممکن بنائی جائے گی ۔ اُنہوں نے کہاہے کہ ایبٹ آباد کے عوام تمام تر بنیادی سہولیات و خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائے جائیں گے ۔ ہسپتالوں، سکولوں اور دیگر اداروں میں سہولیات اور سٹاف کی کمی کو جلد دور کیا جائے گا۔

اُنہوں نے کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا کو ماڈل صوبہ بنانے کیلئے موجود ہ صوبائی حکومت تمام تر وسائل بروئے کار لانے کیلئے کوشاں ہے ۔صوبے میں متعدد اصلاحاتی اقدامات کر چکے ہیں جبکہ صوبے کی مجموعی ترقی کیلئے مزید اقدامات کراُٹھائے جائیں گے ۔ اُنہوں نے کہاکہ باشعور عوام کے تعاون سے نہ صرف یہ صوبہ بلکہ پورا ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر جلد گامزن ہو گااور عوام جلد ریلیف محسوس کر یں گے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں سپیکرصوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی اور ایم این اے علی خان جدون سے ایک ملاقات کے دوران کیا ہے ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ کے مشیر برائے انڈسٹریز عبد الکریم بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل ممکن بنا رہی ہے ، ہم نے پہلے کبھی اپنے منشور اور وژن پر سمجھوتہ کیا ہے اور نہ آئندہ کریں گے ۔ صوبائی حکومت نے اداروں سے کرپشن اور میرٹ کی پامالی کے خاتمے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے ہیں اور اداروں کو بااختیار بنایا ہے ۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے صوبے کی مجموعی ترقی کیلئے طویل المدتی منصوبہ بندی کی ہے ۔

ہم پاکستان اور اس صوبے کو ہر لحاظ سے ترقیافتہ اور خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں ۔ سیاسی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر حقیقی معنوں میں عوامی خدمات کا نظام متعارف کرایا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اُن کی صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور اجتماعی ترقی کیلئے ہر لمحہ کوشاں ہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ یہ واحد صوبائی حکومت ہے جس نے بہتر طرز حکمرانی کی بنیاد رکھی ، اداروں سے سیاسی مداخلت کا حقیقی معنوں میں خاتمہ کیا ، اداروں کو ان کے حقیقی اختیارات کے مطابق فعال بنایا ، جبکہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی یقینی بنائی ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت عوام کو بہتر سے بہترین خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ، ہماری خواہش ہے کہ یہ صوبہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر جلد گامزن ہو سکے ۔

ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ اُنہوں نے کہاکہ تمام اضلاع کی ترقی ممکن بنائی جائے گی ۔ ایبٹ آباد کی ترقی و خوشحالی صوبائی حکومت کی ترجیح ہے جس کے لئے عملی اقدامات بھی اُٹھائے جارہے ہیں جبکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی شفاف تکمیل ہر لحاظ سے ممکن بنائی جائے گی ۔ اُنہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کے عوام دوست پالیسی اور اقدامات سے نہ صرف ایبٹ آباد کے عوام جلد ریلیف محسوس کریں گے بلکہ پورے صوبے کے عوام کو ریلیف دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں