فیصل آباد (عکس آن لائن)استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما اور این اے 97 سے امیدوار ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ہماری انتخابی مہم کا پہلا دن ہے،
اہم شخصیات ہماری سپورٹ میں آگئی ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ 76 سال سے تاندلیانوالہ کا یہ حلقہ آزما رہا ہے، 76 سال سے لوگوں کو بنیادی سہولتیں نہیں مل سکیں۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے اس علاقے کی پگ سنبھالی ان لوگوں نے تاندلیانوالہ کو کیا دیا؟ اس تاندلیانوالہ میں انڈسٹری لگا کر خدمت کر رہے ہیں، اس سے قبل تاندلیانوالہ کے لوگوں کے پاس کوئی چوائس نہیں تھی۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ آٹھ سال پاکستان کا وزیر رہا، کئی سال پارلیمنٹ میں رہا ہے، کئی دہائیوں سے تاندلیانوالہ سے تعلق ہے، ہر کاشتکار سے ہماری انڈسٹری کا تعلق ہے، اب باقی سیاسی زندگی اس علاقے کے لیے وقف کرنا چاہتا ہوں۔آئی پی پی کے رہنما نے کہا کہ تاندلیانوالہ کی تمام برادری کے لوگ قابل احترام ہیں، فوج کے چار ستاروں والے شہید کا بیٹا ہوں، برادری ازم چھوڑ کر علاقے کی تعمیر و ترقی کو ترجیح دیں،
اہل علاقہ کو علاقے کی تقدیر بدلنے کا موقع مل رہا ہے، ہم تجربہ کار ہیں، معلوم ہے تاندلیانوالہ کو اسلام آباد تک رسائی کیسے دلانی ہے۔انہوںنے کہاکہ تاندلیانوالہ کو ترقی دلا کر قومی سطح پر پہچان دلائیں گے، تاندلیانوالہ میں کوئی گاؤں نہیں رہے گا جہاں سڑک نہ ہو، ڈسپنسری نہ ہو، کسانوں کے لیے ویئر ہاؤسز بنیں گے، فصلیں ایکسپورٹ کرائیں گے، نوجوانوں کو ہنر سکھا کر روزگار کے مواقع دیں گے۔