لاہور(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت بتدریج مالی بحران پر قابو پارہی ہے ،قومی اداروں کا مالی خسارہ کم کرنا اور ان کی کارکردگی بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس کےلئے اصلاحاتی پیپر ورک جاری ہے،اپوزیشن کی قسمت میں صرف رونا اور واویلا کرنا رہ گیا ہے ۔
حلقہ این اے 127سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماﺅں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے اقتصادی محاذ پر بے پناہ کامیابیاںحاصل کی ہے جس سے قومی معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنے میں مدد ملی ہے ۔ حکومت پسے ہوئے طبقات کی زندگیوں میں خوشحالی لانے کےلئے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے ،” احساس پروگرام “ کی پوری دنیا میں تعریف کی جارہی ہے ۔
غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کو ترجیحی بنیادوں پر اپنے پاﺅں پر کھڑا کر کے انہیں قومی دھارے میں شامل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہاﺅسنگ سکیم سے ملک میں کئی شعبے عروج حاصل کریں گے جس سے لاکھوں لوگوںکوروزگار کے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کے قیام ،انصاف کی فراہمی ،کرپشن اور سرخ فیتے کے خاتمے اور سازگار ماحول کو دیکھتے ہوئے بڑی کمپنیاں سرمایہ کاری لارہی ہیں جس سے آنے والے چند سالوں میں پاکستان کی مجموعی معیشت کا حجم کئی گنا بڑھ جائے گا ۔