اسلام آباد( عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک حکومت کوخس وخاشاک کی طر ح بہا لے جانے کے دعوئوںسے بدعائوں تک پہنچ گئی ہے جس سے اپوزیشن کی حالت قابل ترس ہے ،
محمودخان اچکزئی جو باتیں کررہے ہیں وہ انتہائی غیر مناسب ہیں اور اس طرح کے بیانات پر عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے،تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو40ہزار ٹرانزیکشن دیدی ہیں اب ہم مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی کے منتظر ہیں وہ کب اپنا حساب کتاب جمع کراتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے بیانیے کو پہلے روز سے ہی پذیرائی نہیں ملی اور اب نان ایشوز پر آ گئے ہیں ،کیا پی ڈی ایم کے اجتماعات ملک و قوم کودرپیش مسائل کے بارے میں ہوتے ہیں؟۔وزیر اعظم عمران خان برملااعلان کر چکے ہیں کہ اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا جائے گا اور پی ڈی ایم کے جلسے میں اس پر شوشے چھوڑے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے جمہوری حکومت اورریاست کے اداروں کے خلاف تحریک کے لئے فنڈنگ کے حوالے سے جو باتیں کی ہیں وہ سو فیصد درست ہیں کیونکہ ایجنسیز اوراداروں کے پاس اس کی رپورٹس موجودہیں اورمناسب وقت آنے پر ضروراقدامات ہوں گے ۔
ہمایوںاخترخان نے کہا کہ پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ (ن) کے وکلاء الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے ثبوت دینے کی بجائے آئیں بائیں شائیں کر کے چلے گئے ہیں اور ایک بھی ٹرانزیکشن کا ثبوت نہیں دیا،تحریک انصاف تو 40ہزار ٹرانزیکشن کے ثبوت پیش کرچکی ہے اور اب اس کی سکروٹنی ہونا باقی ہے ، امریکہ میں جو بھی اکائونٹ کھولے گئے وہ وہاںکے قانون کے مطابق تھے اگراس میں کوئی مسئلہ ہواتو امریکہ میں جوابدہی ہو گی ۔