اسلام آباد(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ تعاون اور تعلقات کو منظم اور مربوط کرنے کے لیے سعودیہ ،پاکستان سپریم کوارڈی نیشن کونسل کا قیام اہم پیشرفت ہے جس کے دورس نتائج برآمد ہوں گے ،سعودی عرب کو آئندہ دس سالو ں میں ایک کروڑ افرادی قوت درکار ہو گی جس کیلئے زیادہ حصہ پاکستان سے لیا جائے گا ،
ایمازون کی جانب سے پاکستان کو اپنی ”سیلرز لسٹ”میں شامل کرنے سے نوجوان نسل، چھوٹے اور درمیانے سائز کے کاروبار اور خواتین کاروباری شخصیات کے لیے ترقی کا شاندار مواقع پیدا ہوں گے۔اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی وجہ سے عالمی دنیا پاکستان سے تعلقات کو فروغ دینا چاہتی ہے جس سے پاکستان کیلئے ترقی کی نئی راہیں کھل رہی ہیں ، وزیر اعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، سعودیہ ، پاکستان سپریم کوارڈی نیشن کونسل کا قیام اہم پیشرفت ہے جس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے ہنر مندوں کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانا ہے تاکہ ہم دنیا کی جدید لیبر کی ضروریات کو پورا کر سکیں جس سے ہمارے زر مبادلہ کے ذخائر بھی بڑھیں گے ۔ صرف سعودی عرب کو آئندہ ایک دہائی میں ایک کروڑ افرادی قوت کی ضرورت ہے اور وزیر اعظم کے دورہ میں یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ اس کا زیادہ تر حصہ پاکستان سے لیا جائے گا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن صرف وزیراعظم عمران خان کے بغض میں مبتلا ہے اس لئے انہیں آگے بڑھتا ہوا پاکستان نظر نہیں آرہا ، آئندہ عام انتخابات میں عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے مایوسی پھیلانے والوں سے حساب لیں گے۔