لاہور( عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما، سیکرٹری جنرل انصاف ویلفیئر ونگ جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، موجودہ وقت آزمائش کا ہے اور ہم نے اس سے مایوس ہونے کی بجائے اسے اپنی طاقت بنانا ہے ،کسانوں سے گندم کا دانہ دانہ خریدا جائے گا اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کسانوں کو مڈل مین مافیا سے بچانے کیلئے صوبہ بھر کی انتظامیہ کو متحرک کر دیا ہے
اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ کسانوں کے مفادات کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا،خریداری گندم مہم میں گرداوری کی شرط ختم کر دی گئی ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات ہیں کہ گندم خریداری مراکز پر ناپ تول میں کمی سمیت کسی قسم کی شکایت پیدا نہیں ہونی چاہیے اور اس کے لئے مانیٹرنگ کا نظام بھی لایا گیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ احساس کفالت پروگرام کے تحت لاکھوں مستحق افراد میں اربوں روپے کی مالی امداد تقسیم کی جا چکی ہے،پاکستان کی تاریخ میں مالی امداد کی تقسیم کا ایسا شفاف پروگرام کبھی نہیں آیا،مالی امداد کوئی احسان نہیں بلکہ یہ وہ حق ہے جو ریاست مستحق افراد کو لوٹا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کے نام نہاد تجربہ کار بھی اربوں روپے کی امداد کی چند روز میں شفافیت سے تقسیم پر حیران ہیں لیکن انہیں اس سے بھی تکلیف ہے کہ پسے ہوئے طبقات حکومتی امداد سے کیوں استفادہ کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ جب تک مشکل حالات کا خاتمہ اور کمزور طبقات اپنے پائوں پر کھڑے نہیں ہو جاتے حکومت ان کی معاونت جاری رکھے گی اور انشا اللہ وہ وقت بھی آئے گا جب یہی لوگ قومی دھارے میں شامل ہو کر معیشت کو مضبوط کرنے کا سبب بنیں گے۔