لاہور(عکس آن لائن)گورنرپنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا الیکشن کے انتظارکے سواکوئی آپشن کامیاب نہیں ہوگا،عمران خان کامیابی سے آگے بڑھتے رہیں گے اور اپوزیشن دیکھتی رہ جائے گی۔
پارٹی وفود سے ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری سرور نے کہا کہ حکومت کے خاتمے کا خواب اپوزیشن کیلئے ڈرائونا خواب بن چکا ہے، پی ڈی ایم کے احتجاج سے زیادہ سربراہی اجلاس ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سال 2023تک پی ڈی ایم کے اجلاس،احتجاج ہوتے رہیں گے اور 2023تک حکومت قائم رہے گی،
اپوزیشن والے اپنے مفادات کی جنگ لڑرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا الیکشن کے انتظارکے سواکوئی آپشن کامیاب نہیں ہوگا، اپوزیشن میں نہ مانوں کی سیاست کررہی ہے، عمران خان کامیابی سے آگے بڑھتے رہیں گے اور اپوزیشن دیکھتی رہ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے پرحکومت نے سمجھوتہ کیانہ ہی آئندہ کرے گی، ہم آئین وقانون کی حکمرانی پریقین رکھتے ہیں، سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنانے پر یقین نہیں رکھتے، پارلیمنٹ سمیت تمام اداروں،جمہوریت کومضبوط بنایاجارہاہے۔