ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اپوزیشن قوم کی لوٹی دولت واپس کر دے تو عوام کو کافی حد تک ریلیف مل سکتا ہے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد( عکس آن لائن) معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مہنگائی پر سیاست کرنی والی اپوزیشن قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس کر دے تو عوام کو کافی حد تک ریلیف مل سکتا ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان کو عوام کا بے حد احساس اور درد ہے وہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے۔

سوموار کے روز معاون خصوصی برائے اطلاعا ت و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے ادارے ملک کی خیر خواہ اور عمران خان قوم کی پہچان ہیں ۔ مولانا فضل الرحمن کی بہکی بہکی باتیں ان کی مایوسی کا واضح اظہار ہیں اور محسوس ہوتا ہے کہ آزادی مارچ کی ناکامی کا صدمہ مولانا فضل الرحمن برداشت نہیں کر پا رہے ۔ انہیں اپنے کارکنان کی توانائیاں مزید ضائع کرنے کی بجائے 2023 تک آرام کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ فضل الرحمان آزادی مارچ میں حکومت ختم کرنے نکلے تھے لیکن حکومت مزید مضبوط ہو گئی جبکہ فضل الرحمان کا کندھا استعمال کرنے والے لندن پہنچ چکے ہیں ، فضل الرحمان ایک سیٹ کی خاطر کیوں خود کو رسوا کرنے پر تلے ہوئے ہیں ۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مہنگائی پر سیاست کرنے والی اپوزیشن قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس کر دے تو عوام کو کافی حد تک ریلیف مل سکتا ہے ، جبکہ وہ عمران خان دشمن، اقتدار کی ہوس میں اندھے ہو چکے ہیں۔ عوام نے انتخابات میں جن کی کشتی ڈبوئی تھی وہ اقتدار کی کشتی سے محرومی کا غم کسی اور طرح دور کریں ، ذاتی ریلیف کیلئے عوام کے ریلیف کا واویلا مچانے والوں کو قوم خوب جانتی ہے ان کا بویا ہوا آج مہنگائی کی صورت میں پوری قوم کاٹ رہی ہے ۔ ذاتی ریلیف لے کر بھاگ جانا ان کی پہچان ہے ، قوم کو قرض کی دلدل میں پھنسانے والے آج عوام کے ہمدرد بننے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو عوام کا بے حد احساس اور درد ہے وہ ریلیف دینے کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے

اپنا تبصرہ بھیجیں