اسلام آباد( عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ یہ بڑا حساس وقت ہے اور اپوزیشن قومی سکیورٹی کے ادارے کے سربراہ کی توسیع کے معاملے پر سیاست نہ کرے ، کرپشن کرنے پر احتساب کے شکنجے میں آئی ہوئی اپوزیشن نے ایک لائن پکڑی ہوئی ہے جس کے تحت قومی معاملات پر بات چیت کو بھی اپنے مفادات سے مشروط کرنے کی کوشش کی جاتی ہے ،عدالت عظمیٰ کے تفصیلی فیصلے کا باریک بینی سے جائزہ لیا جارہا ہے اور اس کے مطابق فیصلہ ہوگا ۔
گزشتہ روز اپنے دفتر میں ملاقات کےلئے آنے والے پارٹی کے سینئر رہنماﺅں سے گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن 15ماہ سے اس کوشش میں ہے کہ اسے کسی نہ کسی بہانے حکومت سے بات چیت کا موقع ملے اور وہ اپنی کرپشن بچانے کا مدعا بیان کرے ۔ قومی معاملات پر سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے لیکن اپوزیشن چاہتی ہے کہ ان سے بات چیت سے پہلے ان سے جپھی ڈالی جائے ان کے بارے میں موجود رائے کو تبدیل کر کے ان کے ذاتی مفادات کو پیش نظر رکھا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ بڑا حساس وقت ہے اوراپوزیشن قومی سکیورٹی کے ادارے کے سربراہ کی توسیع کے معاملے پر سیاست نہ کرے کیونکہ اپوزیشن جماعتوں نے جولائن پکڑی ہوئی ہے و ہ اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کسی ادارے سے جھگڑ ا نہیں کیا بلکہ سکیورٹی کے ادارے کے ساتھ مل کر اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹ رہی ہے اور ملک آگے بڑھ رہا ہے ۔ بہت سے ایسے عناصر ہیں جو بغلیں بجا رہے ہیں لیکن انہیں سوائے سبکی کے کچھ حاصل نہیں ہوگاگا اور اس معاملے کو احسن انداز میں حل کر لیا جائے گا۔