لاہور(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی کرپشن کے خلاف طویل جدوجہد کی وجہ سے عوام میں شعور بیدار ہوا ہے ،اپوزیشن سیاسی بقاءکےلئے اپنی ہی آنکھوں میں دھول جھونکنے کےلئے وسط مدتی انتخابات کا شوشہ چھوڑتی ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جب سے تحریک انصاف بر سر اقتدار آئی ہے مافیاز اور سٹیٹس کو کی حامل قوتوں کی صفوں میں ہلچل مچی ہوئی ہے جس میں گزرتے وقت کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے ۔
وزیر اعظم عمران خان نے طے کر لیا ہے کہ ہم نے ملک کو درست سمت میں گامزن کرنا ہے اور اس کےلئے اصلاحات کا مشکل عمل شروع کیا گیاہے اور کامیابی سے پیشرفت جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے کن طرح ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کیا یہ عوام کے سامنے آ چکا ہے اورکسی بھی قیمت پر فرسودہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک جمہوری جماعت ہے جس میں ہر کسی کو اظہار رائے کا حق حاصل ہے لیکن اور پارٹی کے قواعد و ضوابط پر عمل کرنا بھی سب پر لازم ہے ۔
قیادت کو حق ہے کہ وہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر جواب طلبی اور اس سے آگے بڑھ کر بھی اقدام کرے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو کسی بحران کا سامنا نہیں اور انشا اللہ اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کرے گی ، اپوزیشن سیاسی بقاءکے لئے اپنی ہی آنکھوں میں دھول جھونکنے کےلئے وسط مدتی انتخابات کا شوشہ چھوڑتی ہے ۔