اسلا م آباد(عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش گھمبیر چیلنجز کے حل کیلئے اپوزیشن غیر مشروط طو رپر حکومت کے ساتھ بیٹھے خوش آمدید کہیں گے ،موجودہ حکومت کو اپنی سیاست سے زیادہ ملک کا مفاد عزیز ہے اور غیر معمولی فیصلوں کے ذریعے اس کا ثبوت بھی دیا ہے ۔ حکومت نظام میں سرائیت کر جانے والے بیگاڑ کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے اصلاحات کر رہی ہے ۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ملک کو درپیش گھمبیر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے حکومت کے ساتھ بیٹھے لیکن اس کے لئے کوئی شرائط نہیں ہونی چاہئیں ۔ اپوزیشن اپنے مفادات کے لئے ڈیلی ویجز کی طرز پر سیاست کر رہی ہے جس کا پاکستان ہرگز متحمل نہیں ہوسکتا بلکہ اس کیلئے پائیدار اور طویل المدت پالیسیاں بنانا ہوں گی ۔
انہوں نے کہا کہ عوام آئندہ عام انتخابات میں کسے منتخب اور کسے مسترد کریں گے اس کا فیصلہ کرپشن سے لتھڑی ہوئی اپوزیشن نے نہیں بلکہ عوام نے کرنا ہے اور بطورسیاسی اور جمہوری جماعت ہمیں عوام کا ہر فیصلہ منظور ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سینئر اورتجربہ کار سیاستدان ہیں انہیں سیاسی جدوجہد کو مذہبی رنگ نہیں دینا چاہیے ،شرعی جہاد کی کال بہت ہی اہم کال ہوتی ہے اوروہ سیاسی مقاصد کے لئے نہیں دی جاتی ، وہ تو دشمن کے مقابلے کے لئے جس سے اسلام کو خطرہ ہو اس کے خلاف دی جاتی ہے ۔ مولانا فضل الرحمان کی یہ بات ڈوبے کے تنکے کو سہارا دینے کے مترادف ہے ۔