اسلام آباد(عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان مشکل حالات کے باوجود چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پر عزم ہیں اور بروقت اور درست سمت میں فیصلے کر رہے ہیں ،
اپوزیشن کا حکومت کے ہر اقدام میں کیڑے نکالنا اور میں نہ مانوں کی رٹ مایوسی پھیلانے کی ناکام کوشش ہے ۔ اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے طاقتور معیشتوں کی بنیادیں ہل کر رہ گئی ہیں ،
وزیر اعظم عمران خان نے مشکل حالات میں بروقت غیر معمولی فیصلے کئے اورآنے والے وقت کو بھی پیش نظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے کسی بھی موقع پر مثبت تجاویز نہیں دیں بلکہ ان کی توجہ اپنی سیاست چمکانے پر توجہ مرکوز ہے ۔اپوزیشن کے بعض رہنما پس پردہ کہہ رہے ہیں کہ حکومت نے مشکل حالات میں بہترین بجٹ پیش کیا ہے اور عوام پر کسی طرح کا بوجھ نہیں ڈالا گیا .
لیکن وہ اپنی قیادت کی وجہ سے عوام کے سامنے کچھ اور بات کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سب کو خدا کی ذات سے دعا کرنی چاہیے کہ ہمیں مشکلات حالات سے چھٹکارا ملے تاکہ ہمارے معمولات زندگی بحال ہو سکیں ۔
اپوزیشن رہنمائوں سے اپیل ہے کہ کچھ وقت کیلئے سیاست سے بالا تر ہو کر ملک و قوم کیلئے سوچیں کیونکہ اگر ہم ان مشکلات سے نہ نکل سکے تو چیلنجز مزید گھمبیر ہو جائیں گے۔