لاہور (عکس آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کی جدوجہد کر رہی ہیں، نیا پاکستان فراڈ ہے، اس کے نام پر جھوٹ اور فراڈ کے ریکارڈ قائم ہو چکے، پاکستان کے عوام کی جدوجہد کامیاب ہو گی،
تحریک انصاف سیاسی تنہائی کا شکار ہو چکی ہے۔بدھ کو رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ سعد رفیق نے لاہور گریٹر اقبال پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت چاہے کچھ بھی کرلے اور جتنی بھی رکاوٹیں اپوزیشن کی راہ میں کھڑی کر دیں، جیت جمہوریت کی ہو گی اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کو اللہ کامیابی دے گا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کی جدوجہد کر رہی ہیں جبکہ نیا پاکستان فراڈ ہے، اس کے نام پر جھوٹ اور فراڈ کے ریکارڈ قائم ہو چکے ہیں لیکن اب پاکستان کے عوام کی جدوجہد کامیاب ہو گی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ تحریک انصاف سیاسی تنہائی کا شکار ہو چکی ہے جبکہ ہمیں بھی اب قیادت سے اشارہ مل گیا ہے کہ اسمبلیوں سے استعفے دے دیئے جائیں جبکہ بہتر یہی ہے کہ عمران خان کو خاموشی سے استعفیٰ دے دینا چاہیے