اسلام آباد(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک کاساراانحصار لاہورجلسے پر تھا لیکن اپوزیشن کے ساتھ ”کھودا پہاڑ نکلاچوہا “والاہاتھ ہو گیا ، وزیر اعظم عمران خان کئی دہائیوں کے بیگاڑ کودرست کرنے کیلئے جس طرح کوشاں ہیں انشااللہ اس کے ثمرات بہت جلدعوام تک پہنچیں گے ،حکومتی اقدامات کے نتیجے میں لارج سکیل مینو فیکچرننگ گروتھ بہتری کی جانب گامزن ہے جس سے مجموعی گروتھ پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
اپنے ایک بیان میں ہمایوں اخترخان نے کہا کہ وزیر اعظم پر عزم ہیں کہ ہم مافیاز کوگٹھ جوڑکرکے عوام کا استحصال نہیں کرنے دیں گے اور اس کےلئے سخت اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں یہ طعنہ دیا جارہا ہے کہ ہم نے گرمیوں میں کیوں سستی ایل این جی نہیں خریدی، پاکستان کے پاس دو ٹرمینلزہیں جو اپنی پوری استعداد سے چل رہے ہیں ، جب آپ کے پاس ڈیماند اورذخیرہ کرنے کےلئے کوئی چیز نہیں ہے تو کیا سستی گیس خرید کر سمندرمیںپھینک دیتے ۔ اپوزیشن اس معاملے پر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پر عزم ہیں کہ ہم نے احتساب کے عمل سے پیچھے نہیں ہٹنا، کیا ماضی میں ایسی کوئی روایت ہے کہ بڑے سیکٹرز کی چوری کو پکڑنے کےلئے اعلیٰ سطحی کمیشن تشکیل دئیے گئے ہوں ۔ اپوزیشن کو معلوم ہے کہ اگر وزیر اعظم عمران خان اپنے ان اقدامات میں کامیاب ہو گئے توانہیں کبھی دوبارہ اقتدار نصیب نہیں ہوگا اس لئے ڈھائی سال بعد ہی حکومت کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کےلئے سازشیں شروع کر دی گئی ہیں۔ لاہور جلسے کی ناکامی کے بعد پی ڈی ایم کی تحریک کے غبارے سے نہ صرف ہوا نکل چکی ہے بلکہ اس غبارے میں کئی سوراخ بھی ہو چکے ہیں ۔