وزیر اعظم شہباز شریف

اپنے وعدے کے مطابق میں بطور خادمِ پاکستان آخری سیلاب زدہ شخص کی بحالی تک چین سے نہ بیٹھونگا،وزیر اعظم

اسلام آباد (عکس آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اپنے وعدے کے مطابق میں بطور خادمِ پاکستان آخری سیلاب زدہ شخص کی بحالی تک چین سے نہ بیٹھونگا،آئندہ ماہ جنیوا میں سیلاب زدگان کی پکار کو ایک مرتبہ پھر سے پوری دنیا تک بھر پور طریقے سے پہنچائیں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت آئندہ ماہ جنیوا میں منعقد ہونے والی ریزیلیئنٹ پاکستان کانفرنس کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس کو جنیوا میں منعقد ہونے والی کانفرنس کے حوالے سے تجاویز اور تفصیلی لائحہ عمل کا مسودہ پیش کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کانفرنس میں دوست ممالک کے ساتھ ساتھ ڈویلپمنٹ پارٹنرز اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی شرکت بھی متوقع ہے۔

وزیرِ اعظم نے کانفرنس کے لائحہ عمل کو ترجیحی بنیادوں پر حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، سردار ایاز صادق، احسن اقبال، شیری رحمن، مریم اونگزیب، وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور حناربانی کھر، معاونینِ خصوصی سید طارق فاطمی، جہانزیب خان، سید فہد حسین اور متعلقہ اعلی حکام شرکت تھے۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے رواں سال سینکڑوں جانیں اور اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب زدگان کی بحالی اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی تعمیر پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ اپنے وعدے کے مطابق میں بطور خادمِ پاکستان آخری سیلاب زدہ شخص کی بحالی تک چین سے نہ بیٹھونگا۔وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ ماہ جنیوا میں سیلاب زدگان کی پکار کو ایک مرتبہ پھر سے پوری دنیا تک بھر پور طریقے سے پہنچائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں