احسان علی

اپنی پسندیدہ خوراک ”بریانی“کھانا ترک کردی ہے، سخت فزیکل ٹریننگ کرنے میں مصروف ہوں، احسان علی

لاہور(عکس آن لائن )بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے آغاز میں صرف 3 روز باقی رہ گئے ہیں۔ اس موقع پر قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ کا حصہ بننے والے دو نوجوان کرکٹرز احسان علی اور عماد بٹ بین الاقوامی کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز 24، 25 اور 27 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوں گے۔سیریز کے آغاز سے قبل دونوں کھلاڑیوں نے ٹیسٹ کرکٹر شان مسعود کو خصوصی انٹرویو دیا۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ نوجوان بلے باز احسان علی نے اس خصوصی بیٹھک میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنی پسندیدہ خوراک ”بریانی“کھانا ترک کردی ہے۔

قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے اوپنر شان مسعود کو انٹرویو دیتے ہوئے نوجوان کرکٹر کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ 31 روز سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں سخت فزیکل ٹریننگ کرنے میں مصروف ہیں اور اس دوران ان کی فٹنس میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔ احسان علی نے کہا کہ این سی اے میں ٹریننگ کے دوران ان کے ڈائیٹ پلان اور روٹین میں واضح نظم و ضبط دیکھا جاسکتا ہے۔ کلب کرکٹ کے اپنے پرانے اوپننگ پارٹنر شان مسعود کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے نوجوان کرکٹر کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بابراعظم، شعیب ملک اور محمد حفیظ جیسے نامور کرکٹرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنا ایک خواب کی مانند ہے۔ احسان علی نے کہا کہ وہ فارغ اوقات میں فلم دیکھنا پسند کرتے ہیں۔

سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ آل اﺅنڈر عماد بٹ کا کہنا ہے کہ سبز ستارے والی شرٹ زیب تن کرنا ان کے لیے ایک یادگار لمحہ ہوگا۔ شان مسعود سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے آل راﺅنڈر نے واضح کیا کہ وہ کسی مخصوص نمبر کی شرٹ لینے کے خواہشمند تو نہیں ہیں مگر وہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ڈیبیو کرنے کے لیے بیتاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آف سیزن میں بھی اپنی فٹنس کا خاص خیال رکھتے ہیں۔عماد بٹ نے کہا کہ شعیب ملک ان کے پسندیدہ کرکٹر ہیں اور وہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ان کی موجودگی کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ آل راﺅنڈر کا کہنا ہے کہ وہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ڈیبیو کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہوم کراﺅڈ کے سامنے ڈیبیو کرنے پر خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں۔نوجوان آل راﺅنڈر نے بتایا کہ گزشتہ سال اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا ءکپ کے فائنل میں بھارت کے خلاف میچ جتوانا اب تک ان کے کیرئیر کا یادگار لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ روایتی حریف کے خلاف آخری اوور میں 8 رنز کا دفاع کرنے سے ان میں خوداعتمادی بڑھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں