لاہور(عکس آن لائن) تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے پاکستان میں اٹلی کے نئے تعینات ہونے والے سفیر ہز ایکسلنسی مسٹر آندرے فیرس سے ان کے دفتر میں دو طرفہ تجارتی تعلقات پر تفصیلی ملاقات اور ماربل انڈسٹری کے بارے میں انہیں بریفنگ دی ۔
انہوں نے کہا کہ اٹلی کے سابق سفیر سٹیفانوپونٹ کردو کی جانب سے لاہور میں تاجرتنظیموں کے ساتھ ملاقات میں اٹلی کے پاکستان کو دس بڑے تجارتی پارٹنرز میں شامل کرنے کے عندیہ دیا تھا، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان باہمی تجارت سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا۔ خادم حسین نے کہا کہ اٹلی کے ساتھ توانائی، سٹیل، کیمیکلز ،مائننگ اور دیگر بہت سے شعبوں میں کام سے ملک میں خوشحالی و ترقی آئے گی کیونکہ اٹلی سو فیصد توانائی متبادل ذرائع سے پیدا کررہا ہے انہوں نے کہا کہ اٹلی سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ سے ملکی برآمدا ت اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ماربل انڈسٹری میں اٹلی کے تجربہ سے ملکی ماربل انڈسٹریز ترقی کرے گی او ر ماربل کی بیرون ملک برآمدات سے کثیر زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔