اسلام آباد (عکس آن لائن) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ تصادم نہیں چاہتے،کسی ممبرکوووٹ کاحق استعمال کرنے سے نہیں روکیں گے،ہم عدم اعتماد کا مقابلہ آئینی طریقے سے کریں گے، مجھے بلاول کی بہت سی باتوں پر ھنسی آتی ہے،وقت کیساتھ ساتھ سیکھ جائیں گے،او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کااجلاس (آج)منگل سے شروع ہوگا ، وزیراعظم کلیدی خطاب کرینگے ، اجلاس میں امہ کو درپیش سلگتے ہوئے ایشوز زیر بحث آئیں گے،100سے زائد قراردادیں زیر بحث آئیں گی۔او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس اور ملکی سیاسی صورتحال پر اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ او آئی سی اجلاس کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ چین کے وزیرخارجہ بطورمہمان خصوصی آج تشریف لارہے ہیں،مصرکے وزیرخارجہ تشریف لاچکے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ منگل کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اڑتالیسواں اجلاس ہو گا،وزیر اعظم عمران خان اس اجلاس سے کلیدی خطاب کریں گے۔
انہوںنے کہاکہ امہ کو درپیش سلگتے ہوئے ایشوز زیر بحث آئیں گے،100سے زائد قراردادیں زیر بحث آئیں گی۔ انہوںنے کہاکہ او آئی سی کے اجلاس میں تشریف لانے والے وزرائے خارجہ 23 مارچ کو نیشنل ڈے پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے،انشاء اللہ پاکستان کے وقار میں اضافہ ہو گا، او آئی سی کی چیئرمین شپ ایک سال کیلئے پاکستان کو منتقل ہوجائیگی۔ انہوںنے کہاکہ اس اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ہمیں دو طرفہ ملاقاتوں کا موقع بھی میسر آئیگا۔ انہوںنے کہاکہ میری ان چار پانچ وزرائے خارجہ، جو اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان تشریف لا چکے ہیں ان کے ساتھ ملاقاتیں طے ہیں، ہماری سیاسی کمیٹی کے اجلاس مسلسل ہو رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم تصادم نہیں چاہتے،کسی ممبرکوووٹ کاحق استعمال کرنے سے نہیں روکیں گے،ہم عدم اعتماد کا مقابلہ آئینی طریقے سے کریں گے۔
انہوںنے کہاکہ نمبرزپورے کرنے کی ذمہ داری اپوزیشن کی ہے،اپوزیشن نمبرزپورے کرنے کیلئے ضمیر فروشی پراترچکی ہے۔ انہوںنے کہاکہ سپریم کورٹ سے ارس ٹریڈنگ ختم کرنے کیلئے رہنمائی چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یہ بھی رہنمائی لیں گے کہ کیا یہ ممبران تاحیات نااہل ہوں گے؟ ، اگر وہ تاحیات نہ اہل ہو سکتے ہیں تو انہیں یہ قدم اٹھانے سے پہلے باردگر سوچنا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ مجھے بلاول کی بہت سی باتوں پر ھنسی آتی ہے،وقت کیساتھ ساتھ سیکھ جائیں گے۔
وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان او آئی سی کا بانی رکن ہے،او آئی سی کیلئے ہر حکومت نیاپنے اپنے دور میں کردار اداکیاہے۔ انہوںنے کہاکہ 19 دسمبر کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کی کامیابی کا شرف ہمیں حاصل ہوا ، او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کی میزبانی کا اعزاز وزیر اعظم عمران خان کی کاوشوں کا ثمر ہے، واضح کرنا چاہتا ہوں کہ یہ کاوشیں کسی ایک جماعت کی نہیں، پاکستان کی ہیں،بلاول! خدا کیلئے بڑے ہوجائیں۔