اسلام آباد(عکس آن لائن) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی فیکلٹی آف ایجوکیشن کے سمسٹر بہار 2021ء کے ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں کے فائنل امتحانات 12۔جولائی سے شروع ہونگے۔ ڈیٹ شیٹ اور رول نمبر سلپس یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔یہ امتحانات یونیورسٹی کے مین کیمپس میں ہوں گے۔ امتحانی ہال میں طلبہ اور امتحانی عملے کے لئے ماسک پہننے کو لازم قرار دیا گیا ہے ۔امتحانی مراکز میں طلبہ کی سیٹوں کی ترتیب سماجی فاصلے کے اصولوں کو مد نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ طلبہ رول نمبر سلپس یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے بھی ڈائون لوڈ کرسکتے ہیں جو امتحانات میں شرکت کے لئے قابل قبول ہونگی۔علاوہ ازیں15۔جولائی سے شروع ہونے والے سمسٹر خزاں 2021سے داخلوں کا پورا نظام ڈیجٹلائزڈ کیا جارہا ہے ، تمام پروگراموں کے داخلہ فارم آن لائن فراہم کئے جائیں گے،طلبہ کو آن لائن اپلائی اور ضروری دستاویزات اپ لوڈ کرنا ہونگے۔
قبل ازیں ملک بھر میں تحصیل سطح پر داخلہ فارم کے حصول کے لئے” پراسپکٹس سیل پوائنٹس” قائم کئے جاتے تھے جس پر ایک جانب یونیورسٹی کی کثیر رقم خرچ ہوتی تھی تو دوسری جانب طلبہ کی جانب سے اعتراضات موصول ہوتے رہے کہ سیل پوائنٹ ہم سے کافی فاصلے پر ہے۔داخلہ فارم کی آن لائن فراہمی سے یونیورسٹی کی مالی بچت بھی ہوگی اور داخلے کے خواہشمند افراد کو داخلہ فارم اور پراسپکٹس بھی باآسانی دستیاب ہونگے۔ انٹرنیٹ سہولتوں سے محروم طلبہ کے لئے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کی خصوصی ہدایت پریونیورسٹی کے علاقائی دفاتر میں انٹرنیٹ سہولتوں سے آراستہ ‘کمپیوٹر لیبارٹریاں’قائم کردی گئی ہیں جہاں طلبہ مفت استفادہ کرسکیں گے ا ور اس اقدام سے انٹرنیٹ سہولت نہ ہونے کی شکایت بھی باقی نہ رہے گی۔