اسلام آباد (عکس آن لائن)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ارلی چائیلڈہوڈ ڈیولپمنٹ(ای سی ڈی )کے موضوع پرچوتھی دو۔روزہ عالمی کانفرنس کی افتتاحی اجلاس کے مقررین نے پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل کرنے کے لئے ای سی ڈی کے مشن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے بچوں کی ابتدائی نگہداشت اور تعلیم و تربیت کے لئے ایک جامع منصوبہ بندی تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے صحت مند معاشرے کے قیام اور بہتر مستقبل کے لئے بچوں کی ابتدائی پانچ سالوں کی نگہداشت اور تعلیم و تربیت کے لئے ملک کر کام کرنے کا عہد بھی کیا۔ افتتاحی سیشن کی صدارت یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کی جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چئیرمین، ڈاکٹر مختار احمد مہمان خصوصی تھے۔ کانفرنس کا اہتمام یونیورسٹی کی فیکلٹی آف ایجوکیشن نے وزارت منصوبہ بندی و ترقی،
یونیسیف، عالمی ادارہ صحت، پاکستان الائنس فار ارلی چائیلڈ ہوڈ، روپانی فاؤنڈیشن،سیو دی چلڈرن، شفا فاؤنڈیشن، سائٹ سیور، آغاخان فاؤنڈیشن اور آغا خان یونیورسٹی کے اشتراک سے کیا ہے۔دیگر مقررین میں یونیسف کے کنٹری نمائندے، عبداللہ فادیل، عالمی ادارہ صحت کی کنٹری نمائندہ، ڈاکٹر پالیتھاگنارتھنامہیپالا، چئیرمین رپانی فاؤنڈیشن، نصراللہ رپانی، پاکستان الائنس فار ارلی چائیلڈ ہوڈکی چیف ایگزیکٹو آفیسر، خدیجہ خان، ڈاکٹر عادل حیدر، ڈین آغاخان یونیورسٹی، سیو دی چیلڈرن کے کنٹری ڈائریکٹر، محمد خرم گوندل، ایگزیکٹو ڈائریکٹر، شفا فاؤنڈیشن، ڈاکٹر خدیجہ اظہر، سائٹ سیور پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر،منزہ گیلانی، چیف نیوٹریشن، وزارت منصوبہ بندی و ترقی،
ڈاکٹر نذیر احمد اور اوپن یونیورسٹی کے ایکسی لینس سینٹر کے صدرنشین، محمد رفیق طاہر شامل تھے۔ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ پاکستان میں اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز ہے جبکہ ارلی چائلڈ ایجوکیشن پرکوئی خاص فوکس نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2007میں حکومت پاکستان نے وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے تحت اس جانب پیش قدمی کی ہے اور ملک بھر میں ای سی ڈی کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس قومی کاز میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، رپانی فاؤنڈیشن اور الائنس فار ارلی چائلڈ ہوڈ سمیت مختلف ادارے حصہ لے رہے ہیں۔ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ بچوں کی نگہداشت اور تعلیم و تربیت کے لئے مناسب لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔
بچوں کی ابتدائی تعلیم و تربیت پر کانفرنس کا انعقاد لائق تحسین اقدام ہے جس پر منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے ای سی ڈی کے فروغ کے لئے حکومت پاکستان، زارت منصوبہ بندی و ترقی، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، رپانی فاؤنڈیشن، پاکستان الائنس فار ارلی چائیلڈ ہوڈ سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوں کو سراہا۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرناصر محمود نے کہا کہ اِس دو۔روزہ ایونٹ میں جو سفارشات مرتب کی جائیں گی، اْن سے حکومت کو عملی پالیسی مرتب کرنے میں معاونت حاصل ہو گی۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ارلی چائیلڈ ہوڈڈیولپمنٹ کے مشن کو آگے بڑھانے کے لئے اقدامات اور سرگرمیاں جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی میں کل ای سی ڈی سینٹر کی بلڈنگ کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا جس سے بچوں کی تعلیم کو اچھی بنیاد فراہم ہوگی۔پاکستان الائنس فار ارلی چائیلڈ ہوڈ کی سی ای اور، خدیجہ خان نے ای سی ڈی پر بین الاقوامی کانفرنس کے مقاصد اور پس منظر بیان کیا۔رْپانی فاؤنڈیشن کے چیئرمین نصرالدین رْپانی نے ارلی چائیلڈ ایجوکیشن کے فروغ کے لئے خدمات بیان کرتے ہوئے کہا کہ رپانی فاؤنڈیشن نے ملک بھر میں ای سی ڈی کے مراکز قائم کئے ہیں جن سے اب تک ہزاروں بجے گریجویٹ ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام ولادت سے پہلے اور پیدائش کے بعد بچے اور ماں کی عذائیت بچے کی پرورش اور اس کے لئے مستقبل میں حاصل کئے جانے والے ہدف کا تعین کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت تعلیم اور اوپن یونیورسٹی سے مل کر ارلی چائیلڈ ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے غزم کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ڈاکٹر نذیر احمد نے ای سی ڈی کے لئے وزارت منصوبہ بندی و ترقی کی خدمات تفصیل سے بیان کئے۔