اسلام آباد (عکس آن لائن) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی فیکلٹی آف سائنس کے زیر اہتمام بی ایس ، ایم ایس سی ، ایم ایس ، ایم فل اور پی ایچ ڈی) فیس ٹو فیس( پروگراموں کے فائنل امتحانات یکم جولائی سے شروع ہونگے جبکہ فیکلٹی آف ایجوکیشن کے ایم ایس/ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں کے امتحانات جولائی کے دوسرے ہفتے سے ترتیب دئیے جارہے ہیں۔فیکلٹی آف سائنس پروگرامز کی ڈیٹ شیٹ اور رول نمبر سلپس یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں ، طلبہ و طالبات کو رول نمبر سلپس ارسال کردی گئیں ہیں جبکہ فیکلٹی آف ایجوکیشن کے پروگراموں کی ڈیٹ شیٹ فائنل کی جارہی ہے جسے جلد یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیا جائے گا۔شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالقیوم کی خصوصی ہدایت پر فیس ٹو فیس پروگرامز کے امتحانات متعلقہ تدریسی شعبہ جات کے تعاون سے منعقد کئے جارہے ہیں اِن امتحانات میں ممتحن کے فرائض متعلقہ تدریسی شعبے کے اساتذہ انجام دیں گے۔
معیار میں اضافہ اور نتائج بروقت ڈکلیئرڈ کرنے کے لئے یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ فیس ٹو فیس پروگرامز کی پیپرز مارکنگ کے فرائض بھی فیکلٹی ممبرز ہی انجام دیں گے۔یہ امتحانات یونیورسٹی کے مین کیمپس میں ہوں گے۔ امتحانی ہال میں طلبہ اور امتحانی عملے کے لئے ماسک پہننے کو لازم قرار دیا گیا ہے ۔امتحانی مراکز میں طلبہ کی سیٹوں کی ترتیب سماجی فاصلے کے اصولوں کو مد نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ طلبہ رول نمبر سلپس یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے بھی ڈاﺅن لوڈ کرسکتے ہیں جو امتحانات میں شرکت کے لئے قابل قبول ہونگی۔