اسلام آباد (عکس آن لائن):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹربہار2022 کے میٹرک، ایف اے اور بی اے پروگراموں کے داخلوں کا عمل مکمل ہوگیا ہے جن میں ہزاروں نئے طلبہ نے داخلہ لے لیا ہے۔ میلنگ آفسر ذوالفقار علی بخاری کے مطابق میٹرک پروگرام کی ترسیل کتب کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ ایف اے پروگرام میں داخل تمام طلبہ کو رواں ہفتے کے آخر تک کتب موصول ہوجائیں گی۔ ایف اے پروگرام کی ترسیل کتب کا کام مکمل ہونے کے بعد بی اے(ایسوسی ایٹ ڈگری)پروگرامز کے طلبہ کو کتب کی ترسیل شروع کی جائے گی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیا القیوم کی ہدایات اور پالیسی کے مطابق یونیورسٹی نے ڈیجیٹلائزیشن کے تحت تمام تعلیمی پروگراموں کی درسی کتب کی سافٹ کاپیز تیار کرکے ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردی ہیں،اس اقدام سے کتابیں لیٹ ملنے یا نہ ملنے کی شکایات کا خاتمہ ہے۔
اس سے قبل کئی طلبہ ڈاک کی وجہ سے کتابیں نہ ملنے کی شکایت کرتے تھے، یونیورسٹی نے تدریسی، مالی اور انتظامی شعبوں کو ڈیجیٹلائز کرنے کے علاوہ کتابوں کی پرنٹنگ اور میلنگ کے عمل کو بھی ڈیجیٹلائز کرکے طلبہ کی اس شکایت کو احسن طریقہ سے دور کیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت یونیورسٹی اب میٹرک، ایف اے اور بی اے پروگراموں میں داخل طلبہ کے لئے کتابیں پرنٹ کرکے انہیں ان کے دیئے گئے پتوں پر ارسال کرتی ہے جبکہ دیگر پروگراموں کے کتابوں کی پرنٹنگ کا کام بند کردیا گیا ہے۔طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈاک کے ذریعے کتب موصول ہونے کا انتظار کئے بغیر آن لائن کتب سے استفادہ کریں اور ویب سائٹ سے کتب ڈان لوڈ کرکے اپنی امتحانی مشقوں اور فائنل امتحانات کی بروقت تیاری کریں۔