لاہور(عکس آن لائن)آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما حاجی محمد عارف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر سال اوور لوڈنگ کے باعث حادثات میں مارے جانے والے افراد کی تعداد 35000سے زائد ہے ،عدالت کے واضح حکم کے باوجود اوور لوڈنگ کرنے والوں کو کھلی چھوٹ دے کر حکومت حادثات کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کررہی ہے اس لئے ان حادثا ت کے ذمہ دار حکمران ہیں ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اوورلوڈنگ کی وجہ سے اکثر اوقات ٹائر زپنکچر ہو جاتے ہیں یا ٹائر میں گرمائش زیادہ ہونے کے باعث ٹائر پھٹ جاتے ہیں.
جس سے بڑی گاڑیوں کو قابو کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے، بڑی گاڑیوں کا سامان الٹ کر ساتھ چلنے والی گاڑیوں کو بری طریقے سے متاثر کرتا ہے ، اسی طرح اوور لوڈنگ سے اربوں روپے سے تعمیر ہونے والی قومی شاہراہیں بھی تباہ برباد ہو رہی ہیں۔ وزیر اعظم سے مطالبہ ہے کہ ایکسل ویٹ لوڈلمٹ قانون پر عدالتی حکم کے مطابق سختی کے ساتھ مکمل عملدرآمد کرایا جائے۔