گڈز ٹرانسپورٹ

اوور لوڈنگ عروج پرہے ،حکومت اور قانون پر عملدرآمدکرانیوالے ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں’گڈز ٹرانسپورٹرز

لاہور(عکس آن لائن )آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن لاہور ڈویژن کے جنرل سیکرٹری محمد اظہرقادری نے کہاہے کہ حکومت اداروں کے سامنے بے بس نظر آ رہی ہے،آئی جی موٹر وے اور چیئرمین این ایچ اے کی جانب سے عدلیہ کے حکم کو کسی خاطر میں نہ لانا تشویش کا باعث ہے ،اوور لوڈنگ عروج پرہے حکومت اور قانون پر عملدرآمد کرانے والے ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ان خیالا ت کااظہار انہو ں نے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے رہنمائوں چوہدری عاطف ، چوہدری گل شیر ، چوہدری بشارت ، حاجی ظفر ، چوہدری مزمل ، ماجدزمان اعوان ، اعجاز گجر ، حاجی امتیاز اور دیگر عہدیداران سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ اوور لوڈنگ کے باعث اربوں روپے سے تعمیر ہونے والی قومی شاہراہیں ٹوٹ پھوٹ کا شکارہو چکی ہیں اور ہر سال اس مد میں اربوں روپے خرچ ہو رہے ہیں ،اسی وجہ سے خطرناک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روز کا معمول بن گیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ہمارے مطا لبا ت پر فوری عمل کرائے، گڈز ٹرانسپورٹرز پر امن اور کام سے کام رکھنے والے لوگ ہیں ،ہمیں امن کا دامن چھوڑنے پر مجبور نہ کیاجائے، حکومت اور متعلقہ ادارے ہٹ دھرمی چھوڑ کر اپنی آئینی قانونی ذمہ داری پوری کر یں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں