بیجنگ (نمائندہ خصوصی) انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس باخ نے میڈیا بریفنگ میں بیجنگ سرمائی گیمز کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی بہت خوش اور مطمئن ہیں۔
ایتھلیٹس نے وینیوز ، اولمپک ولیج اور متعلقہ خدمات کو سراہا ہے اور کلوزڈ لوپ میں وبا کی روک تھام کے اقدامات پر بھی اطمینان ظاہر کیا ہے۔
باخ نے کہا کہ پچھلے دو ہفتوں میں ہم نے ان کھلاڑیوں کو انتہائی اعلیٰ سطح کے مقابلوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اور کئی تاریخی ریکارڈز کو توڑتے ہوئے دیکھا ہے جو کہ اولمپک جذبے کا بھرپور اظہار بھی ہے۔
انہوں نےمزید کہا کہ ہر ایک نے جوش، گرمجوشی اور دوستی محسوس کی اور چین میں 300 ملین لوگوں کی برفانی کھیلوں میں شرکت اور دلچسپی اسی جوش کا عملی مظہر ہے۔
باخ نے انسداد وبا کے لیے بیجنگ سرمائی اولمپکس کے کلوزڈ لوپ مینجمنٹ کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ “دنیا کے محفوظ ترین مقامات میں سے ایک ہے”۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بیجنگ سرمائی اولمپکس نے دنیا کو بتایا ہے کہ اتحاد کی صورت میں ہی ایسی شاندار کامیابیوں کا حصول ممکن ہے۔ باخ نے مزید کہا کہ سرمائی اولمپکس کے دوران مختلف ٹیکنالوجیز یکے بعد دیگرے سامنے آئی ہیں ،بالخصوص چائنا میڈیا گروپ کی جانب سے استعمال کی جانے والی مختلف جدید ٹیکنالوجیز نے انہیں حیران کر دیا ہے۔