لاہور(عکس آن لائن)صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن و آئی ٹی راجہ یاسر ہمایوں نے کہا ہے کہ کرونا کی دوسری لہر پر قابو پانے کے لیے اجتماعی کوششیں کرنا ہوگی تاکہ عوام، صنعت و تجارت اور معیشت کو اس کے اثرات سے محفوظ رکھا جاسکے۔ وہ لاہور چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری میں برکی انسٹی ٹیوٹ آف پبلک پالیسی کی سالانہ رپورٹ کی تقریب رونمائی سے خطاب کررہے تھے ۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح، سینئر نائب صدر ناصر حمید خان ، نائب صدر طاہر منظور چودھری اور سابق صدر میاں مصباح الرحمن نے بھی اس موقع پر خطاب کیا ،تقریب میں شاہد نجم، میاں زاہد جاویداحمد، ڈاکٹر شاہد رضا، ڈاکٹر اصغر زیدی، میجر جنرل (ر) عبید بن ذکریا، ڈاکٹر محمد نظام الدین، فخر اقبال، اعجاز سندھو بھی تقریب مں موجود تھے جبکہ چیئرمین برکی انسٹی ٹیوٹ آف پبلک پالیسی شاہد جاوید برکی نے وڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کرونا کا پھیلائو روکنے کے لیے لوگوں کو خصوصی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انڈسٹری اور تعلیمی شعبے کے درمیان مضبوط روابط کامیابی کی کلید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ دنیا میں تعلیمی شعبہ بہت اہم کردار ادا کررہا ہے کیونکہ اس کی ریسرچ سے نہ صرف انڈسٹری بلکہ سرکاری اداروں اور پالیسی میکرز بھی مستفید ہوتے ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا کہ کرونا سے قبل پاکستان کی معیشت استحکام کی طرف گامزن تھی لیکن اس آفت نے بہت سے چیلنجز پیدا کیے ، معاشی بحالی کے لیے سب کو اپنا بہترین کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو افراط زر، مالیاتی خسارے، برآمدات میں انجماد، اور جی ڈی پی سکڑنے جیسے مسائل کا سامنا تھا جنہیں کرونا نے مزید گھمبیر کیا۔ انہوںنے حکومت کو سراہتے ہوئے کہا کہ کرونا پر قابو پانے کے لیے حکومت کے اقدامات ثمر آور ثابت ہوئے اور حالات کنٹرول سے باہر نہیں ہوئے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے ریسرچ کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے شاہد برکی انسٹی ٹیوٹ آف پبلک پالیسی کو سراہا۔ شاہد جاوید برکی نے رپورٹ کے مختلف پہلوئوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔