لاہور (عکس آن لائن)صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر سے ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کے وفد نے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کے صدر عبدالغفورکررہے تھے۔وفد نے صوبائی وزیر کو سیالکوٹ کی انڈسٹری اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔وفد کے زیادہ ترمسائل ٹیکس، انفراسٹرکچر، کالونائزیشن اور سیالکوٹ ایکسپورٹ پراسیسنگ زون سے متعلقہ تھے۔صوبائی وزیر نے وفد کو جائز مسائل کی ترجیحی بنیادوں پر حل کی یقین دہانی کرائی۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ صنعتکاروں کے نمائندے ہیں اور وہ انڈسٹری کے مفاد کا تحفظ کر یںگے۔انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں سستے داموں پلاٹس خرید لئے جاتے ہیں لیکن کارخانے نہیں لگتے۔انہوں نے کہا کہ کارخانے لگیں گے تو روز گار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ایس ایم تنویر نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں پراپرٹی کے کاروبار کو ختم کرنا ہوگا۔اس حوالے سے صنعتوں کا پہیہ رواں دواں رکھنے کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا۔