ٹرمپ کا دعوی

انسدادکرونا کے لیے موثر اقدامات کیے،میں مختارِ کل ہوں، ٹرمپ کا دعوی

واشنگٹن(عکس آن لائن)کورونا وائرس کی وباسے بروقت اور بہتر طور پر نہیں نمٹنے کے لیے نکتہ چینی کے درمیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اقدامات کا دفاع کیا ہے اور کہا کہ بعض آئینی حدود کے باوجودانہیں کلی اختیارات حاصل ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے موجودہ صورت حال کے لیے آلات کی کمی اور ریاستوں کے گورنروں کو ذمہ ٹھہرایا اور اپنے طریقہ کار کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جو کچھ کیا وہ ٹھیک تھا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاوس میں میڈیابریفنگ کے دوران کہا کہ ان کی انتظامیہ ملکی معیشت کو دوبارہ کھولنے کا منصوبہ بنارہی ہے کیوں کہ کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد میں اضافہ رک گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ریاستوں کیگورنروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے لیکن معیشت کو دوبارہ کھولنے کے متعلق حتمی فیصلہ بہر حال امریکی صدر ہی کرے گا۔صدر ٹرمپ نے زور دے کر کہا وہ لوگ صدر امریکا کی منظوری کے بغیر کچھ نہیں کرسکتے۔

فیصلہ کرنا صدر کے اختیار میں ہے، اسے اختیارات کلی حاصل ہیں اور گورنر بھی یہ بات جانتے ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکامیں کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے اپنے طریقہ کار کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جو کچھ کیا وہ ٹھیک تھا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ ملک میں جلدی لاک ڈان کر دیتے تب بھی ان پر تنقید کی جاتی۔ انھوں نے صورتحال کے لیے آلات کی کمی کے لیے پچاس ریاستوں کے گورنروں کو ذمہ دار ٹھہرا یا۔ٹرمپ نے بتایا کہ ان کی انتظامیہ جلد ہی نئے اور اہم رہنما اصول مرتب کر لیگی جو گورنروں کو دیے جائیں گے جن کی مدد سے وہ اپنی اپنی ریاست میں حفاظت کے ساتھ لاک ڈان ختم کر سکتے ہیں۔

امریکی صدر نے کہا، وائٹ ہاس کی جانب سے نئے رہنما اصول چند دنوں میں جاری کر دیے جائیں گے۔ یہ نیا منصوبہ امریکا کے لوگوں کو وہ اعتماد دے گا جو انہیں پھر سے معمولات ِ زندگی شروع کرنے کے لیے حوصلہ فراہم کرے گا۔امریکی صدر نے دعوی کیا کہ ملک میں انفیکشن کے پھیلنے کی رفتار سست ہورہی ہے۔ گزشتہ چند دنوں کے دوران امریکا میں نئے کیسیز کی تعداد میں کمی آئی ہے اور لوگ ہسپتالوں میں کم آرہے ہیں، جوا س بات کا ثبوت ہے کہ ہماری حکمت عملی کارگر ثابت ہورہی ہے۔صدر ٹرمپ نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کی وبا سے مقابلہ کرنے کے لیے وینٹی لیٹرز خاطر خواہ تعداد میں موجود ہیں۔

گو کہ ابھی اور زیادہ وینٹی لیٹرز کی مانگ ہورہی ہے تاہم ضرورت کے مطابق وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں، ہم نے بڑی تعداد میں انہیں وینٹی لیٹرز فراہم کیے ہیں۔ٹرمپ نے کورونا کے بحران سے نمٹنے میں اپنی کارکردگی کا دفاع کرنے کے لیے میڈیا بریفنگ کے دوران صحافیوں کے سوالات پوچھنے سے قبل ایک ویڈیو بھی دکھایا جس میں بتایا گیا تھا کہ ان کی انتظامیہ نے اس وبا پر قابو پانے کے لیے کتنے موثر طریقے سے اقدامات کیے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں