بجلی کی قیمت

انجمن تاجران کا بجلی کی قیمت میں 6 روپے 10 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست پر شدید تشویش

لاہور(عکس آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران نے فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں نیپرا کو بجلی کی قیمت میں 6 روپے 10 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے مجبور کر دیا ہے کہ اب شٹر ڈائون کر کے سڑکوں پر آیا جائے ، پیٹرولیم کی قیمت میںفی لیٹر12روپے سے زائد اضافے کے فوری بعد بجلی کا بم گرانے سے واضح ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کے سامنے ہاتھ باندھ کر کھڑی ہے ۔ مرکزی صدراشرف بھٹی ، سیکرٹری جنرل محبوب علی سرکی ، لاہو رکے صدر میاں طارق فیروز، سینئر نائب صدر میاں سلیم،جنرل سیکرٹری نعیم بادشاہ،چیئرمین انجمن تاجران لاہور حافظ عطا اللہ ،وائس چیئرمین ملک ناظم اورشہزاد بھٹی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اگر اس درخواست کو منظور کیا گیا تو عوام پر 60 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گاجسے وہ برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتے اس لئے حکومت مداخلت کرے اور عوام پر بوجھ ڈالنے کی بجائے اس کا کوئی حل نکالے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں ہر روز منی بجٹ آرہے ہیں سے عوام بد حال ہو رہے ہیں ۔ آئی ایم ایف سے قرض کے حصول کے لئے حکومت اپنی معیشت کا گلہ گھونٹ رہی ہے جس کا آنے والے کئی سالوں تک ازالہ نہیں ہو سکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر تنظیمیں اب خاموش نہیں رہیں گی اور اس حوالے سے جلد رابطے کر کے آئندہ کی حکمت عملی کا اعلان کیا جائے گا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں