امریکا

انتخابات میں جو بھی جیتے ہم ترکیہ کے ساتھ کام جاری رکھیں گے،امریکا

واشنگٹن(عکس آن لائن )رواں ماہ کے آخر میں ترکیہ میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے انتظار کے ساتھ وائٹ ہائوس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا ہے کہ رن آف الیکشن میں جو جماعت بھی جیتے ہم ترکیہ کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سلیوان نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ امریکا ترکیہ میں ایک مضبوط جمہوریت کا تسلسل دیکھنا چاہتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ترکیہ میں اتوار کے روز ہونے والے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات برسر اقتدار صدر رجب طیب ایردوآن اور ان کی جماعت کو معمولی برتری حاصل رہی مگر وہ کامیابی کے لیے درکار پچاس فی صد ووٹ حاصل نہیں کرسکی۔ نیشن الائنس کے امیدوار، ریپبلکن پیپلز پارٹی کے رہ نما کمال کلیچدار اوغلو نے49.4 فی صد اور عوامی اتحاد کے امیدوار “اتا” سنان اوگان نے صدارتی انتخابات میں 44.96 فی صد ووٹ حاصل کیے۔

پیر کو سپریم الیکشن کمیشن کے سربراہ احمد ینار نے باضابطہ طور پر اعلان کیا کہ صدارتی انتخابات کا دوسرا دور 28 مئی کو ہوگا کیونکہ کسی بھی امیدوار کو 50 فیصد سے زیادہ ووٹ نہیں ملے۔تاہم یورپ میں سلامتی اور تعاون کی تنظیم کے مبصرین کا خیال تھا کہ الیکشن کمیشن نے یہ ظاہر کیا کہ اسے انتخابات کے انتظام میں شفافیت حاصل نہیں ہے، خاص طور پر انتخابات کی جانبدارانہ حکومتی میڈیا کوریج بہت زیادہ دکھائی دیتی ہے جو کہ تشویشناک بات تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں