کویت سٹی (عکس آن لائن) امیرِ کویت الشیخ صباح الاحمد الجابر الصباح نے اپنے ولی عہد کو عارضی طور پر بعض اختیارات سونپ دیے ہیں۔کویت کے سرکاری خبررساں اداریکے مطابق امیر کو قبل ازیں طبی ٹیسٹوں کے لیے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔امیری دیوان کے امور کے وزیر شیخ علی جراح الصباح نے بتایا ہے کہ امیر شیخ صباح الاحمد کے مختلف طبی معائنے کیے جائیں گے۔
فی الوقت ان کی صحت بہتر ہے۔شیخ صباح الاحمد الجابر کی اس وقت عمر 91 سال ہے اور وہ 2006ء سے تیل کی دولت سے مالا مال اس خلیجی ریاست کے امیر چلے آرہے ہیں۔اس سے پہلے وہ 50 سال سے زیادہ عرصے تک ملک کی خارجہ پالیسی کے نگران رہے تھے۔سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے امیر کویت سے فون پر بات کی ہے اور ان کی خیریت دریافت کی ہے۔