ممبئی(عکس آن لائن بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے ٹویٹر پر اپنی ایک ‘خوفناک غلطی’ کا اعتراف کرتے ہوئے معافی مانگی ہے جس پر انہیں مداحوں کی جانب سے ٹرول کا سامنا کرنا پڑا۔امیتابھ بچن ہمیشہ اپنی ٹویٹوں کے ساتھ ٹویٹ نمبر بھی لکھتے ہیں اور شاید عام لوگوں کیلئے یہ بات اتنی اہم نہ ہو لیکن بگ بی ان نمبروں پر نہایت سنجیدہ ہیں۔سپر اسٹار نے ایک ٹویٹ میں مداحوں کو بتایا کہ پچھلی ٹویٹس کے نمبر غلط لکھ کر انہوں نے ایک ‘خوفناک غلطی’ کی ہے جس پر وہ معافی کے طلبگار ہیں۔اگرچہ یہ اتنا سنجیدہ معاملہ نہیں تھا لیکن اداکار کی تشویش کو دیکھ کر انٹرنیٹ ٹرولز کو موقع مل گیا اور انہوں نے بگ بی کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ اتنی ‘سنگین غلطی’ کرنے کے بعد آپ نے انگریزی میں معافی کے ہجے بھی غلط لکھے ہیں، یہ بات بہت ‘خوفناک’ ہے۔کچھ ٹرولز نے بگ بی سے کہا کہ آپ کی معافی قابلِ قبول نہیں ہے، چناں چہ آپ اپنا اکاؤنٹ ڈی ایکٹیویٹ کردیں۔بعض صارفین نے مزاحیہ کمنٹس بھی کیے ہیں، ایک نے لکھا کہ آپ کی غلطی کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں گڑبڑ ہوگئی ہے کہ جبکہ ایک صارف نے کہا کہ شکر ہے آپ نے اس کو واضح کردیا مجھے رات کو نیند نہیں آئی تھی۔