ممبئی (عکس آن لائن) بھارت کے مقبول ترین ٹی وی شو ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ کے 15 ویں سیزن کی آخری قسط کرتے ہوئے میزبان امیتابھ بچن آبدیدہ ہوگئے۔
بالی وڈ میں بگ بی کے نام سے مشہور امیتابھ بچن کون بنے گا کروڑ پتی کئی سالوں سے کر رہے ہیں اور اس سال شو کا 15 واں سیزن تھا۔پروگرام انتظامیہ کی جانب سے آخری قسط کی پرومو کو شیئر کیا گیا جس میں امیتابھ بچن کو آبدیدہ دیکھا جا سکتا ہے۔اداکار نے پرومو میں کہا کہ دیوی اور سجنو، اب ہم جا رہے ہیں اور کل سے یہ اسٹیج اب نہیں سجے گا ، اپنوں سے یہ کہنا کہ کل سے ہم نہیں آئیں گے، یہ کہنے کی ہمت بھی نہیں ہوتی اور دل بھی نہیں چاہتا، میں اس اسٹیج سے آخری بار سب کو خدا حافظ کہتا ہوں۔
شو میں بھارت کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے ذہین افراد اپنی قسمت کو آزمانے آتے ہیں اور سوال کا درست جواب دے کر پیسے کماتے ہیں۔اس کے علاوہ فلمی انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی اپنی فلموں کی پروموشن کیلئے اس پروگرام میں آتے ہیں اور ساتھ ہی کھیل بھی کھیلتے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق سیزن کی آخری قسط میں اداکارہ شرمیلا ٹیگور، ودیا بالن، اور سارہ علی خان جیسی کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔