لاہو ر(نمائندہ عکس)پنجاب کے سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ سازش کے ذریعے ترقی کا راستہ روکنے والوں کو عوام نے مسترد کر دیا، 13 جماعتوں کی ضمنی انتخابات میں شکست ان کیلئے نوشتہ دیوار ہے، عوام نے لٹیروں کو آئینہ دکھا دیا۔
سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کا بیانیہ جیت گیا، فسطائیت کی سوچ ہار گئی، سازش کے ذریعے اقتدار پر قبضہ کرنے والا ٹولہ عوام کے پیغام کو سمجھے، پاکستان میں اب لوٹ مار اور کرپشن کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، امپورٹڈ اور غلام حکومت عوام کے فیصلے کو تسلیم کرے اور گھر چلی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام لٹیروں اور سازشیوں سے چھٹکارا چاہتے ہیں، عمران خان کا بیانیہ ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے ، بائیس کروڑ پاکستانیوں کی امیدوں کا مرکز عمران خان ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی ایک کال پر پوری قوم غلام حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر ہوگی۔
میاں اسلم اقبال کا مزید کہنا تھا کہ وفاق پر مسلط کرپٹ مافیا سے چھٹکارے کیلئے احتجاج اور لانگ آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر ہوگا، پاکستان تحریک انصاف ہی ملک کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرے گی۔