ترکی

امریکہ کا شام سے ایک ہزار فوجی واپس بلانے کا اعلان ، ترکی کا خیر مقدم

استنبول(عکس آن لائن)صدر طیب اردوان نے پیر کے روز واشنگٹن کی جانب سے اس اعلان کا خیر مقدم کیا ہے کہ وہ شمالی شام سے ایک ہزار فوجیوں کو واپس بلا رہا ہے ۔اردوان نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران جب امریکی پنٹاگون کے سربراہ مارک اسپر کے بیان سے متعلق سوال کیا گیا تو کہا کہ یہ مثبت اقدام ہے ۔ترکی کا شمالی شام میں کردش فورسز کیخلاف آپریشن چھٹے روز میں داخل ہو گیا ہے اور اس نے تال ابیض اور راس العین کے دو اہم قصبوں کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

اردوان کا کہناتھا کہ انہیں توقع ہے کہ کردش فورسز دوسرے مانبج جیسے اہم قصبوں سے بھی پیچھے ہٹ جائیں گی ۔انہوں نے کہاکہ جب مانبج خالی کرا لیا جائے گا تو ہم وہاں ترکی کی حیثیت سے نہیں جائیں گے ، ہمارے عرب بھائی جو حقیقی مالکان ہیں ، قبائل وہاں واپس جائیں گے ، ہمارا مقصد ان کی واپسی اور وہاں ان کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے ۔انہوں نے روس کے مثبت اقدام کا بھی خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو بظاہر دوسرے اہم قصبے کوبانی پر اس کے آپریشن کی راہ میں کوئی رکاوٹیں نہیں پیدا کررہا ۔اردوان کا کہنا تھا کہ وہاں بہت سی افواہیں چل رہی ہیں لیکن ایسا دکھائی دیتا ہے کہ روس کے اب تک کے مثبت اقدام کے پیش نظر کوبانی میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں آئے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں