نیویارک (عکس آن لائن) امریکہ میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 21 ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد تقریباً 5 لاکھ 40 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔امریکہ بھر میں کورونا وائرس کا شدید پھیلاؤ جاری ہے،
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 13 مارچ کو ملک میں ہنگامی حالت کا اعلان کئے جانے کو تقریباً ایک ماہ ہو چکا ہے۔جان ہاپکنز یونیورسٹی کے جاری کردہ پریشان کْن اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں متاثرین اور ہلاکتوں کی مصدقہ تعداد دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق گریاست نیویارک سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے، جہاں وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد پورے ملک کی تعداد کے تقریباً ایک تہائی کے برابر ہے۔ریاست کے گورنر اینڈرْیو کْواومو نے میڈیا کو بتایا کہ ریاست میں مسلسل چھٹے روز یومیہ ہلاکتوں کی تعداد 7 سو سے زیادہ رہی۔
نیویارک کے گورنر نے مزید کہا کہ ناگزیر سجھے جانے والے کاروباروں کے مالکان کے لئے وہ یہ انتظامی حکم جاری کرنے والے ہیں کہ کارکنوں کو منہ ڈھانپنے والے ماسک بنانے کے لیے درکار اشیا فراہم کی جائیں۔ سامان لانے لے جانے والے ٹرک ڈرائیوروں، سپر مارکیٹوں کے اہلکاروں اور ایسی ہی لازمی خدمات سر انجام دینے والوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے متاثر ہونے کی وجہ سے یہ قدم اٹھایا جارہا ہے۔