امریکہ میں کورونا وائرس

امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 61 ہزار سے تجاوز کرگئی

نیویارک (عکس آن لائن) امریکہ میں مہلک کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 10لاکھ 64 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 61 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 61669 ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث نیویارک میں سب سے زیادہ 17ہزار اموات ہوچکی ہیں۔ امریکہ میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 1064572ہے جن میں سے 855492 ہسپتالوں اور گھروں میں زیر علاج ہیں۔ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ میں متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، ملک میں اب تک 60 لاکھ سے زائد ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔لاس اینجلس امریکہ میں پہلا بڑا شہر ہو گا جہاں شہریوں کو مفت ٹیسٹنگ کی سہولت میسر ہوگی۔

اس بات کا اعلان شہر کے میئر ایرک گارسیٹی نے کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ان افراد کو فوقیت دی جائے گی جن میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوں تاہم دیگر افراد کا بھی ٹیسٹ کیا جائے گا۔ ادھر امریکی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ سماجی دوری سے متعلق پابندیوں میں توسیع نہیں کرے گی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وفاق کی جانب سے لوگوں کو گھروں تک محدود رکھنے سے متعلق پابندیوں کے خاتمہ کے بعد ان میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں