پومپیو

امریکہ عالمی عدالت کو اسرائیل کے جنگی جرائم پر مقدمہ چلانے کی اجازت نہیں دے گا ، پومپیو

واشنگٹن (عکس آن لائن) امریکہ نے دھمکی دی ہے کہ وہ عالمی فوجداری عدالت کو اسرائیل کے خلاف مقدمہ چلانے کی اجازت نہیں دے گا۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے امریکن انٹر پرائزز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم عالمی فوجداری عدالت کو اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کی تحقیقات کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ آئندہ چند روز کے دوران عالمی فوجداری عدالت کو اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کی تحقیقات سے باز رکھنے کے لیے بعض اقدامات کا اعلان بھی کرے گا۔ عالمی فوجداری عدالت نے ایک ماہ قبل یہ اعلان کیا تھا کہ یہ عدالت اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کے معاملات کی تحقیقات کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس اعلان کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو نے امریکہ سے اپیل کی تھی کہ وہ عالمی فوجداری عدالت کو اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کی تحقیقات سے روکنے کی کوشش کرے۔

عالمی عدالت کے جج رچڑڈ گولڈ سٹون نے 2008 ء کے بعد جنگی جرائم کے معاملات میں اسرائیل کے خلاف تحقیقات انجام دی تھیں۔ اقوام متحدہ نے 2008 ء میں غزہ کے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی22 روزہ جارحیت کے بعد رچرڈ گولڈ سٹون کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کی تھی جس کا مقصد اسرائیل کے جنگی جرائم کے بارے میں رپورٹ تیار کرنا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں