امریکا

امریکا کے آرمینیائی نسل کشی سے متعلق اشتعال انگیزبیان کاوقت پرجواب دیا جائیگا،ترکی

واشنگٹن (عکس آن لائن)امریکی صدر جوبائیڈن کا سلطنت عثمانیہ کی افواج کے ہاتھوں آرمینیائی باشندوں کے قتلِ عام کو نسل کشی قرار دینا بالکل سادہ الفاظ میں ایک اشتعال انگیزاقدام ہے اور ترکی آیندہ مہینوں میں اس کا جواب دے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات ترک صدررجب طیب ایردوآن کے ترجمان اور مشیرابراہیم کالین نے ایک انٹرویو میں کہی ،انھوں نے کہا کہ آیندہ دنوں اور مہینوں میں مختلف شکلوں کی صورت میں اور طریقوں سے اس پر ردعمل ظاہر کیا جائے گالیکن صدر کے ترجمان نے یہ واضح نہیں کیاکہ ترکی امریکا کے خلاف ردعمل میں کیا کیا اقدامات کرے گا اور آیا وہ ملک کے جنوب میں واقع انچرلیک کے فوجی اڈے کوبھی امریکی فوج سے واپس لے لے گا۔

یہ فوجی اڈا شام اورعراق میں داعش کے خلاف کارروائی میں امریکا کی قیادت میں اتحادی فوج کے زیراستعمال ہے اور اسی اڈے سے امریکا کے لڑاکا جیٹ اڑ کر شام میں داعش کے ٹھکانوں کو فضائی حملوں میں نشانہ بناتے رہے ہیں۔ابراہیم کالین نے بتایا کہ صدر ایردوآن سوموار کو کابینہ کے اجلاس میں اس معاملے پرگفتگو کریں گے۔ہم اس بدقسمت اورغیرمنصفانہ بیان پرمناسب ردعمل کے لیے وقت اور جگہ کا فیصلہ کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ اب ہم جو بھی معاملہ کریں گے، وہ اس بہت بدقسمت بیان کی روشنی میں کیا جائے گا۔ان کے بہ قول ترک پارلیمان بھی اسی ہفتے اس موضوع پر بیان جاری کرے گی۔ابراہیم کالین نے کہا کہ پہلی عالمی جنگ میں جو کچھ ہوا،اس کو صرف ایک لفظ تک محدود کردینا اورہمارے عثمانی آبا واجداد کو نسل کشی کے افعال میں ملوث قرار دینا تو سادہ الفاظ میں اشتعال انگیزی ہے جبکہ تاریخی حقائق بھی اس کی تائید نہیں کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں