بیجنگ(عکس آن لائن)چینی وزارت خارجہ نے کہب ہے کہ امریکا کی اقتصادی و مالیاتی پالیسی عالمی مالیاتی استحکام کے لیے سب سے بڑا چیلنج بن گئی ہے ، چینی میڈیا کے مطا بق چینی وزارتِ خارجہ کی پریس کانفرنس میں سوال پوچھا گیا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی جانب سے جاری کردہ عالمی مالیاتی استحکام کی تازہ ترین رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ امریکی بینکاری کی صنعت میں افراتفری جیسے عوامل نے عالمی مالیاتی استحکام کے خطرات میں اضافہ کیا ہے۔اس بارے میں چین کا کیا کہناہے ؟ ترجمان وانگ وین بین نے کہا کہ اس وقت، بین الاقوامی مالیاتی خطرات نمایاں ہیں، جو امریکا اور دیگر ترقی یافتہ ممالک میں مالیاتی پالیسیوں کی نامناسب ایڈجسٹمنٹ سے قریبی تعلق رکھتے ہیں.
عالمی سطح پر مختلف فریقوں کی عام رائے یہی ہے کہ امریکی اقتصادی اور مالیاتی پالیسی عالمی مالیاتی استحکام کے لیے سب سے بڑا چیلنج بن گئی ہے۔وانگ وین بین نے کہا کہ ہم امریکا اور دیگر ترقی یافتہ ممالک پر زور دیتے ہیں کہ وہ اپنی معاشی اور مالیاتی پالیسیوں کے اثرات کا بغور جائزہ لیں، مارکیٹ کی توقعات کو بروقت مستحکم کریں اور عالمی مالیاتی استحکام پر منفی اثرات مرتب کرنے سے گریز کریں۔