واشنگٹن(عکس آن لائن)امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا پہلے سے زیادہ مضبوط ہے ،تیل اور قدرتی گیس کی پیداوار میں امریکا سرفہرست ملک بن گیا ، ملک کی معیشت ماضی سے بہتر اور مضبوط ہوگئی ۔واشنگٹن میں انہوں نے کانگریس میں اسٹیٹ آف دی یونین سے خطاب میں کہا کہ ملک میں نوکریاں بھی واپس آرہی ہیں اور ضرورت مندوں کو مواقع مل رہے ہیں،
لوگوں کو نوکریوں سے نکالنے کا سلسلہ ختم ہوچکا، بیروزگاری کی شرح امریکی تاریخ میں کم ترین مقام پر ہے،ا مریکا کی ہر کمیونٹی ملک کی ترقی و خوش حالی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، ہمارا ایجنڈا صرف اور صرف امریکی شہریوں کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار افریقی امریکنز کی بے روزگاری کی شرح سب سے کم سطح پر ہے، سرکاری امداد لینے والے ایک کروڑ افراد کی کمی ہوئی، گزشتہ تین سال میں 3.5 ملین افراد کو نئی ملازمتیں ملیں، انتخاب جیتنے کے بعد سے تنخواہوں میں 16 فی صد اضافہ ہوا۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکی مصنوعات پر صارفین کا اعتماد بحال ہوا ہے، دنیا کا ہر ملک ہماری اسٹاک ایکسچینج میں کمپنی رجسٹرڈ کرانا چاہتا ہے، امریکا دنیا میں پیٹرول اور گیس کا سب سے بڑا پیداواری اور توانائی میں خود کفیل ملک ہے، میرے دور حکومت میں 12 ہزار نئے کارخانے لگائے گئے۔انہوں نے کہا کہ امریکا کا افتخار بحال ہوچکا ہے،
ہماری سرحدیں محفوظ ہیں اور ملک میں جرائم بھی کم ہوگئے ہیں، امریکا کا اب دنیا میں بہت زیادہ احترام ہے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ماضی کی حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ بھی ماضی کی پالیسیاں جاری رکھتے تو آج امریکا میں یہ سب کچھ نہ ہوتا ۔