واشنگٹن(عکس آن لائن) امریکا نے پاکستان کے لیے انٹرنیشنل ملٹری ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پروگرام بحال کر دیا ہے، گزشتہ ماہ اس پروگرام کی بحالی کا اعلان کیا گیا تھا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور امریکا کے باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے امریکا نے ایک اہم پروگرام بحال کر دیا ہے،
امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے لیے آئی ایم ای ٹی پروگرام بحالی کی توثیق کر دی ہے۔ یہ پروگرام گزشتہ ایک سال سے معطل تھا۔ایلس ویلز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ اقدام مشترکہ ترجیحات کے حصول کے لیے فوجی تعاون مستحکم کرنے کی غرض سے اٹھایا گیا ہے، تاہم مجموعی طور پر پاکستان کی سیکورٹی امداد کی معطلی برقرار رہے گی۔