واشنگٹن(عکس آن لائن)امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ امریکا نے ترکی کو شام میں فوجی کارروائی کی اجازت نہیں دی۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ٹی وی چینل پی بی ایس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یہ اطلاعات بالکل غلط ہیں کہ امریکا نے ترکی کو اس آپریشن کی اجازت دی ہے،انہوں نے کہا کہ ہم نے ترکی کو کوئی گرین سگنل نہیں دیا۔
اگر امریکا نے ترکی کو اجازت نہیں دی تو شام سے فوج کیوں نکالی، اس سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے شام سے امریکی فوجی نکالنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے ترکی کے حفاظتی خدشات کو حقیقی قرار دیا۔ترک فوج نے شام کے شمال مشرقی علاقے میں کردوں کی جماعت کردستان ورکرز پارٹی (وائی پی جی) کے خلاف فوجی آپریشن شروع کردیا ، ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ اس کا مقصد ترکی کی جنوبی سرحد میں دہشت گردوں کی راہداری کو ختم کرنا ہے۔
عالمی برادری ترکی کے اس اقدام کی مذمت کر رہی ہے اور یورپی یونین نے بھی کارروائی بند کرنے کا مطالبہ کیا تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کے فوجی آپریشن سے قبل شام میں تعینات امریکی فوجی واپس بلالی ہے۔