اسلام آباد (نمائندہ عکس)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ امام حسین نے ایک ظالم حکمران کی بیعت کرنے سے انکار کیا ، دین کی سر بلندی اور حق و صداقت کی خاطر اہل بیت اور دیگر جانثار ساتھیوں کے ہمراہ جام شہادت نوش فرمایا، حق کی خاطر اپنا سر تو کٹوا دیا مگر اسے باطل قوتوں کے سامنے جھکنے نہ دیا،خانوادہ حضرت امام حسین کی عظیم قربانی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔
یوم عاشورہ 10 محرم الحرام 1444ھ /2022ءکے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا اسلامی تاریخ میں محرم الحرام نہایت عزت و احترام اور فضیلت والا مہینہ ہے، اس مہینے میں جہاں اسلامی تاریخ کے اہم ترین واقعات رونما ہوئے وہیں یوم عاشورہ یعنی 10 محرم الحرام کا دن بھی امت مسلمہ کے نزد یک خصوصی اہمیت و فضیلت کا حامل ہے،آج کے دن حضرت امام حسین نے ایک ظالم حکمران کی بیعت کرنے سے انکار کرتے ہوئے دین کی سر بلندی اور حق و صداقت کی خاطر اہل بیت اور دیگر جانثار ساتھیوں کے ہمراہ جام شہادت نوش فرمایا۔ نواسئہ رسول نے کربلا کے تپتے ہوئے میدان میں حق کی خاطر اپنا سر تو کٹوا دیا مگر اسے باطل قوتوں کے سامنے جھکنے نہ دیا۔ آج کے دن حضرت امام حسین، اہل بیت اور ان کے وفا شعار ساتھیوں نے شجاعت، بہادری اور قربانی کی عظیم الشان مثال قائم کی اور اپنے خون سے اسلام کو ایک نئی زندگی عطا کی۔
اس اندوہناک واقعہ اور اہل بیت پر بے انتہا ظلم پر ہر مسلمان کی آنکھ اشک بار ہے۔خانوادہ حضرت امام حسین کی عظیم قربانی ہمارے لیے مشعل راہ ہے اور اس میں ہمارے لیے پیغام ہے کہ ظلم و جبر پر مبنی باطل نظام کے خلاف حق اور سچائی کا علم بلند کرنا چاہیے۔
امت مسلمہ کو حق و صداقت اور دین کی بقا اور فروغ کیلئے ڈٹ جانا چاہیے۔ خلق خدا کو ظلم و ستم کا نشانہ بنانے والی اور احکامات الہی کی نافرمانی کرنے والی قوتوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنی چاہیے۔ انفرادی اور اجتماعی سطح پر حق کی سربلندی اور نصرت کے لیے صبر، استقامت اور جرات کے ساتھ جد وجہد کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے۔ جب ہم اللہ کے دین، سنت نبوی اور اسوہ امام حسین پر عمل پیرا ہوں گے تو یقینا اللہ تعالی کی مدد و نصرت بھی ہمیں حاصل ہو گی اور ہم دنیا اور آخرت میں بھی کامیابی حاصل کریں گے۔ آئیں، ہم آج کے دن عہد کر میں کہ ہم اسوہ امام حسین پر عمل پیرا ہونے کی بھر پور کوشش کر یں گے اور جذبہ ایثار و قربانی سے سرشار ہو کر اپنے ہم وطنوں، بالخصوص جنہیں سیلابی صور تحال کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے، کی خدمت کر یں گے۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالی ہمارے ملک کو ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بناے اور ہمیں تمام بلا¶ں سے محفوظ رکھے۔ آمین!